گوجرہ: پی ٹی آئی رہنما کا گن مین خاتون سمیت دو افراد کی فائرنگ سے قتل

گوجرہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبدالرحمن جٹ سے) خاتون سمیت دو افرادنے”دن دیہاڑے“فائرنگ کر کے پی ٹی آئی رہنماچوہدری حسام علی وڑائچ کے گن مین کو قتل کردیا۔ملزمان موقع سے فرارہو گئے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری حسام علی وڑائچ کا گن مین محمد مدثرسکنہ چک نمبر363ج ب باہمنی والا موٹر سائیکل پر نمبر304ٹی ایس ایم پر سوار ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب کچاگوجرہ کی جانب جا رہاتھاکہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار خاتون سمیت دونامعلوم افراد آئے اور اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا اورموقع پر ہی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گیا۔

ملزمان موقع سے فرارہو گئے۔مقتول مدثر سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری امجد علی وڑائچ مرحوم کا بھی گن مین رہا۔

اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی گوجرہ آفتاب احمد صدیقی اورایس ایچ او سٹی موقع پر پہنچے اور اس کی نعش تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کی اور نعش کاپوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

سٹی پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

Leave a reply