گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل خاں) شہر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سبزی منڈی میں موٹر سائیکل چوری جبکہ دوسری واردات میں دو بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق چک نمبر 243 گ ب کا رہائشی ساجد سبزی منڈی گوجرہ سبزی کی خریداری کے لیے آیا اور اپنی موٹر سائیکل نمبر FDK-4219 کھڑی کی۔ اس دوران نامعلوم چور موٹر سائیکل لے اڑا اور فرار ہوگیا۔ واردات کی اطلاع تھانہ سٹی گوجرہ کو دے دی گئی ہے تاہم مقدمے کے اندراج کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب محلہ طفیل کالونی میں تین مسلح افراد نے محمد عارف کے بیٹوں محمد ارسلان اور علی عثمان کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا۔ ملزمان نے فائرنگ کر کے محمد ارسلان کو زخمی کر دیا جبکہ علی عثمان کے سر پر پستول کے بٹ مارے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔








