گوجرہ (نامہ نگار، عبدالرحمن جٹ) جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر مولانا محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اگر قوم نے موقع دیا تو جماعت اسلامی اقتدار میں آکر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی اور ملک کو سودی نظام سے نجات دلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرہ میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ عوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت ضلعی امیر ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے کی۔

مولانا جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 84 سالہ جدوجہد کو محض انتخابی پیمانے پر نہیں پرکھنا چاہیے، کیونکہ اس جماعت نے بے شمار اہداف حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب کے مقابلے میں ‘میرا جسم میری مرضی’ جیسے فتنوں کا مقابلہ حیا کلچر کو فروغ دے کر کیا گیا ہے اور آج ہماری خواتین 8 مارچ کو فخر کے ساتھ ‘حیا ڈے’ مناتی ہیں۔ انہوں نے معاشرے کی اصلاح میں جماعت اسلامی کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور قوم کے لیے خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں دوسری سیاسی جماعتوں نے ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کی داستانیں رقم کی ہیں، وہاں جماعت اسلامی نے امانت، دیانت اور اعلیٰ اقدار کو فروغ دیا ہے، جو اس کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

مولانا جاوید قصوری نے الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کے سامنے ایک اسلامی نظریاتی تشخص رکھنے اور انسانیت کی خدمت کرنے والی الخدمت فاؤنڈیشن کا غلبہ ہے، جبکہ ادارہ آغوش بھی یتیم اور بے سہارا افراد کی کفالت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایک پوری نسل تیار کی ہے جسے ایک نظریہ، کردار اور اسلام پر غیر متزلزل ایمان دیا گیا ہے۔

تقریب سے مولانا رحمت اللہ ارشد، مولانا عارف محمود، حیدر علی چوہدری اور محمود عزمی نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں، محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی اب قوم کے ساتھ اپنے رابطے کو مزید مؤثر بنائے گی اور آنے والے دنوں میں سیاسی اور انتخابی میدان میں قوم کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔

Shares: