گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) شہر اور گردونواح میں افسوسناک حادثہ اور ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

چک نمبر 159 گ ب گگو ماہل کا محنت کش محمد عظیم اڈا مونگی بنگلہ پر مزدوری میں مصروف تھا کہ نہر گوگیرہ کے کنارے سفیدہ کا درخت اچانک ٹوٹ کر اس پر جا گرا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت نازک ہونے پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا۔ تاہم وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ متوفی چار بچوں کا باپ تھا۔ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور بعد ازاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

دوسری جانب گوجرہ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دکاندار کو نشانہ بنا ڈالا۔ انصار کالونی کے رہائشی محمد افضال، جو تکیہ پھمن سائیں مونگی روڈ پر نلکی بٹن کی دکان چلاتے ہیں، اپنی دکان پر موجود تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ڈاکو اسلحہ کے زور پر 20 ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔ واردات کی اطلاع تھانہ سٹی پولیس گوجرہ کو دے دی گئی ہے تاہم تاحال مقدمہ درج ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

Shares: