گوجرہ(سٹی رپورٹرمحمداجمل خان) نواحی گاؤں اور شہر میں مختلف افسوسناک اور جرائم پیشہ واقعات پیش آئے۔ چک نمبر 367 ج ب کا سیکنڈ ایئر کا طالب علم ریان، باپ کی مبینہ ڈانٹ ڈپٹ سے دل برداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا بیٹھا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔ اسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر منتقل کیا گیا جہاں پر طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب شہر اور گردونواح میں چوری کی متعدد وارداتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ چک نمبر 359 ج ب کی بلقیس بی بی کے گھر نامعلوم چور دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور 2 لاکھ 33 ہزار روپے مالیت کے پانچ موبائل فون چرا کر فرار ہوگئے۔ اسی طرح چک نمبر 241 گ ب کا علی رضا اپنے گھر کے باہر سویا ہوا تھا کہ اس کا موبائل فون اور نقدی چوری کر لی گئی۔ محلہ رحمان پورہ کے حسین علی کے گھر کا دروازہ توڑ کر ہزاروں روپے نقدی چرا لی گئی جبکہ محلہ رحیم آباد کی ونرین زوجہ راشد کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان اور موبائل بھی لے اڑے۔ پولیس نے ان وارداتوں کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔
ادھر محلہ قادری دربار میں خاتون کی عزت لوٹنے کی کوشش کا بھی واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ شمائلہ اصغر نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بھابی ثناء نے اپنے بھائی کامران کے ساتھ مل کر اسے بدنام کرنے کے لئے اوباش کے ذریعے اس کی عزت لوٹنے کی کوشش کرائی، اس دوران ملزم نے اس کے کپڑے پھاڑ دیئے تاہم شوروغل پر فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔