گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) تھانہ سٹی کی حدود چوک تکیہ پھمن سائیں میں فیصل آباد سے بہاولپور جانے والی بس پر تقریباً 30 طالبعلموں نے دھاوا بول دیا۔ مشتعل طالبعلموں نے بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، لاتوں، گھونسوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا جبکہ بس کی اسکرین اور شیشے توڑ کر لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ واقعے کی فوٹیج وائرل ہو گئی ہے جس میں واضح طور پر توڑ پھوڑ اور تشدد کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

کنڈکٹر کے مطابق طالبعلم اس کی جیب سے 55 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون بھی چھین کر لے گئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس نے نامعلوم طالبعلموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Shares: