گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر محمد اجمل خاں) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ہدایت پر ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی گوجرہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور فقدالمثال مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے کی۔

تقریب میں چیف آفیسر سید یاسر علی، ریگولیشن آفیسر توصیف الرحمان، میونسپل آفیسر فنانس ندیم آصف، ایس ڈی او وقار احمد سمیت شہر بھر سے عاشقانِ رسولؐ اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت میں علاقہ بھر کے نامور نعت خواں، قراء حضرات اور مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ نقیبِ محفل محمد احمد گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آمدِ سرکارؐ مسلمانوں کے لیے سب سے بڑی خوشی اور نعمت ہے، حضور اکرمؐ کی تشریف آوری سے دکھی دلوں کو قرار اور بے سہارا لوگوں کو سہارا ملا۔ انہوں نے کہا کہ محافل میلاد کا مقصد آپؐ کی ولادت باسعادت کی خوشی منانا ہے۔

نعت خوان حضرات کی پر سوز نعتوں پر محفل میں موجود سامعین بے ساختہ "مرحبا یا رسول اللہؐ” کے نعرے بلند کرتے رہے، جبکہ ہال خوشی اور عقیدت کے رنگوں سے معمور رہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول اپنی تمام تر برکات، فضائل اور خصوصیات کے ساتھ جلوہ گر ہو چکا ہے۔ اللہ کریم کا شکر ہے کہ ہمیں زندگی میں ایک بار پھر عید میلادالنبیؐ کی بہاریں دیکھنے اور برکات سمیٹنے کا موقع نصیب ہوا۔

Shares: