گوجرہ(سٹی رپورٹر،اجمل خاں) گوجرہ میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ شہر میں ایک بار پھر دو مختلف واقعات میں نامعلوم چوروں نے دو موٹر سائیکلیں چرا لیں۔ ان واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور وہ پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، محلہ قادری دربار کے رہائشی زین نے اپنی موٹر سائیکل گھر کے باہر کھڑی کی ہوئی تھی کہ موقع پا کر نامعلوم چور اسے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اسی طرح، چک نمبر 363 ج ب میں ایک اور شہری اسرار کی موٹر سائیکل بھی اس کے گھر کے باہر سے چوری کر لی گئی۔ چور دونوں وارداتوں میں کامیاب رہے اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

پولیس کو ان وارداتوں کی اطلاع دے دی گئی ہے، لیکن تاحال کسی بھی واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: