گوجرہ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان)شہر میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں دو الگ الگ واقعات میں شہریوں کی دو موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ اس کے علاوہ، فیسکو ٹاسک فورس نے دو افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ پولیس نے تمام واقعات کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

پہلے واقعے میں، محلہ شریف پورہ کا رہائشی محمد اکبر اپنی موٹر سائیکل (نمبر FDK-5224) لے کر غلہ منڈی میں ایک دکان پر آیا۔ وہ موٹر سائیکل باہر کھڑی کر کے دکان کے اندر گیا اور جب واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھی۔

دوسرا واقعہ چک نمبر 279 ج ب میں پیش آیا، جہاں محمد علی نے اپنی موٹر سائیکل (نمبر ALP-6849) اپنے کلینک کے باہر کھڑی کی جو نامعلوم چور چرا کر لے گئے۔ تھانہ سٹی اور نواں لاہور پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اسی دوران، فیسکو ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا۔ محلہ شہسوار ٹاؤن کے غلام عباس اور چک نمبر 373 ج ب کے ناصر علی میٹر سے براہ راست تاریں لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔ فیسکو اہلکاروں نے موقع پر چھاپہ مار کر انہیں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور ان کے میٹر اتار لیے۔ دونوں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Shares: