گوجرہ: با اثر افراد کا اپاہج عمر رسیدہ خاتون پر تشدد، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال

گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) چک نمبر 367 ج ب جلیانوالہ کی عمر رسیدہ، چلنے پھرنے سے معذور خاتون کشور سلطانہ اور اس کے خاندان کی زندگی با اثر افراد نے اجیرن کر دی۔ خاتون پر بے رحمی سے حملہ کرنے کے بعد ان کے گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، اور تشدد کے دوران ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق، کشور سلطانہ اپنی حویلی میں موجود تھی جب کہ ان کا ملازم ساجد جاوید مویشیوں کو چارا ڈال رہا تھا کہ اسی دوران گاؤں کے با اثر افراد ارشد، یاسر، اصغر، اور عادل ڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح ہو کر زبردستی حویلی میں گھس گئے۔ انہوں نے نہ صرف خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔ ملازم ساجد جاوید نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اسے بھی مارا پیٹا اور زخمی کر دیا۔

واقعے کی اصل وجہ جائیداد کا تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ صدر پولیس گوجرہ اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے، تاہم متاثرہ خاتون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملزمان با اثر ہونے کی وجہ سے پولیس نے ابتدائی طور پر انہیں حراست میں لیا، مگر بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر چھوڑ دیا گیا۔

کشور سلطانہ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والے ظلم کا نوٹس لے کر ملزمان کو سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

Comments are closed.