گوجرہ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان)محکمہ وائلڈ لائف نے گوجرہ میں پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ گرفتار ملزمان کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والے پرندوں کو دوبارہ قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف رینجر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم نے اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبدالرشید کی قیادت میں گوجرہ شہر میں پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کے اڈوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران قمر مسیح، جارج مسیح، اور محمد رضوان نامی افراد کو غیر قانونی طور پر پرندوں کا کاروبار کرتے ہوئے پایا گیا۔ ان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی گئی۔
ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کے حکم پر انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے مختلف پرندے، جن میں تیتر، بٹیر، فینسی طوطے، اور دیگر اقسام شامل تھیں، کو واپس فطرت میں آزاد کر دیا۔ یہ کارروائی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔