گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ کے تھانہ صدر کی حدود میں چک 241 گڑھا بہرام کے نوجوان وسیم اکرم کو کلیان پور کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق وسیم اکرم اپنے گاؤں سے بستی دانش مندان کی طرف جا رہے تھے۔ جب وہ کلیان پور کے قریب پہنچے تو ناکہ لگائے ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ڈاکو ان کی موٹر سائیکل 125 لے کر فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہری اپنے تحفظ کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔