گوجرہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمٰن جٹ) گوجرہ میں معمولی تنازعہ پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سمندری روڈ پر واقع محمد حنیف کے پٹرول پمپ پر اس کا بیٹا مدثر موجود تھا، جو قریبی ہوٹل پر کھانے کا آرڈر دینے گیا۔ اسی دوران محلہ حسنیہ کالونی کے فیصل، نبیل اور ان کے ساتھی مسلح ہو کر موٹر سائیکلوں پر آئے اور مدثر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ہوٹل مالک نصیر احمد کا بیٹا عبداللہ جب بچانے آیا تو ملزمان نے اسے بھی گولیوں کا نشانہ بنا دیا، جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مدثر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ عبداللہ کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کی وجہ ایک دن پہلے پٹرول پمپ کے سروس اسٹیشن پر گاڑی دھلوانے کے دوران ہونے والا جھگڑا بتایا جا رہا ہے، جس میں فیصل، نبیل اور ذوالفقار کا مدثر سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ورثاء نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔








