گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 90 ج ب میں معمولی تنازع جان لیوا ثابت ہوا، جہاں 35 سالہ نوجوان ڈاکٹر اعجاز علی کو اس کے سگے کزن محسن نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اعجاز علی ولد احسان الحق قوم جٹ سکنہ چک نمبر 90 ج ب گوجرہ اپنے گھر کے باہر موجود تھا کہ اچانک اس کا کزن محسن ولد ریاض مسلح رپیٹر موٹر سائیکل پر آیا اور آتے ہی فائرنگ کر دی۔ فائر کے نتیجے میں تین چھرے ڈاکٹر اعجاز کے پیٹ کے بائیں جانب لگے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اہل خانہ نے زخمی کو اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل دونوں فریقین کے درمیان جامن کے پتوں کو آگ لگانے کے معاملے پر تلخ کلامی اور گالم گلوچ ہوئی تھی، جس پر محسن نے رنجش رکھتے ہوئے ڈاکٹر اعجاز علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور کارروائی جاری ہے جبکہ مقتول کی نعش ضروری قانونی کارروائی کے لیے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی گئی ہے۔