گوجرانوالہ :عاشورہ محرم الحرام صوبائی وزیر بلال اکبر کا ضلعی کنٹرول روم کادورہ

گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نو شاہی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے گوجرانوالہ ڈویژن میں عاشورہ محرم الحرام کو پر امن بنانے کے لیے سونپی گئی ذمہ داری نبھانے کا مشن لے کر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پنجاب بلال اکبر خاں کی گوجرانوالہ آمد، ضلعی کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر دفتر کا دورہ کیا، کمشنر، آر پی او اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے امن و امان اور لاجسٹک انتظامات کے حوالے سے انہیں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ نے گوجرانوالہ ضلعی کنٹرول روم کو سکیورٹی معاملات، انتظامات اور دیگر محکموں کی آپسی کوآرڈینیشن بہترین ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سراہا۔

دورہ کے موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی، سابق ممبر قومی اسمبلی شازیہ فرید، ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مطاہر امین وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ اور ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی چیک لسٹ جس میں کانٹیجینسی پلان، ڈی آئی سی اجلاس، ماک ایکسرسائز، سکیورٹی انتظامات، حساسں مقامات کی نشاندہی و اقدامات شامل ہیں۔

ضلع کے تمام حساس جلوسوں، مجالس کے روٹس پر 337 جدید آئی پی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جنہیں ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے تمام محکموں کے نمائندے تین شفٹوں میں مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 22 جلوسوں کو حساس قرار دیا گیا ہے،ماضی کے واقعات کی روشنی میں 8 مقامات کو ٹربل پوائنٹ ڈیکلیئر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ شعلہ بیانی اور انتشار پھیلانے والے مقررین کی زبان بندی کرتے ہوئیتمام مسالک کے 131 علماء و ذاکرین کی ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز، جنریٹرز اور دیگر انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

ضلع گوجرانوالہ میں یکم محرم الحرام سے ریسکیو 1122، پولیس، رضاکاروں سمیت تمام متعلقہ محکموں کا عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود ہیں، آرمی اور رینجرز کی کمپنیز کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تعینات کی گئی ہیں۔

ریجن بھر میں 49 سائبر پیٹرولنگ کیسز کی نشاندہی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع گوجرانوالہ میں شر پسند اور فرقہ پرست عناصر کے خلاف 11 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بلال اکبر خان نے کنٹرول روم سے سیکورٹی کیمروں اور تمام جلوسوں کے روٹس کے تفصیلی نقشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حساس روٹس کی مانیٹرنگ کا میکانیزم قابل تعریف ہے ایسے تفصیلی انتظامات پنجاب بھر میں نہیں دیکھے جس پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس مبارکباد کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شر پسندی پھلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے،لوکل میڈیا، سوشل میڈیا پیجز پر نظر رکھیں اور کاروائی بھی فوری شیئر کریں۔ حکومت پنجاب امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔ شر پسندی پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنا اور نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی ضروری ہے۔

ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، پولیس، پاکستان آرمی و رینجرز اور سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اسی طرح الرٹ رہیں تاکہ عاشورہ محرم الحرام کے آخری ایام بھی خیر و عافیت سے گزریں۔ کنٹرول روم میں موجود عملہ کا اپنے محکموں کے فیلڈ عملہ سے مربوط رابطہ اور سامنے آنے والے مسائل کا فوری ازالہ لائق تحسین ہے۔

Leave a reply