گوجرانوالہ:صوبہ بھر میں سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات ،شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح،خواجہ سلمان رفیق

گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی)صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ، شہدائے کربلا کے چہلم اور کرکٹ سیریز کے لیے خصوصی انتظامات

تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں لاء اینڈ آرڈر کا 11واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شہدائے کربلا کے چہلم اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر صوبے بھر میں 514 جلوسوں اور 917 مجالس پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پاک آرمی اور رینجرز کی 43 کمپنیاں فرائض سرانجام دیں گی۔

اجلاس میں بنگلہ دیش سے کرکٹ سیریز کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے امن و امان کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی لیے گئے جن میں 5 قیدیوں کی پیرول پر رہائی کی منظوری، مختلف اضلاع کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی اور محکمہ داخلہ پنجاب میں خصوصی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کرنا شامل ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

Leave a reply