گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، محمد رمضان نوشاہی) کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ اٹارنی اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن کے زیر التوا مقدمات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زیر التوا مقدمات کی پیش رفت، عدالتوں میں کارکردگی اور پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن آفیسر ربنواز بھون، ڈسٹرکٹ اٹارنی میڈم عظمی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات میں غیر ضروری تاخیر شہریوں کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے، اس لیے عدالتوں اور پراسیکیوشن کے درمیان مربوط رابطہ اور تیز تر کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر وہ معاملہ جو فائلوں میں دبا ہوا ہے، اسے فوری نمٹایا جائے تاکہ نظام انصاف میں بہتری لائی جا سکے۔
کمشنر نے ضلعی پراسیکیوشن افسران کو زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے واضح ٹائم لائنز مرتب کرنے اور ہر کیس کی پیش رفت باقاعدگی سے رپورٹ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوشن کے باہمی تعاون سے ہی مضبوط مقدمات عدالتوں میں پیش کیے جا سکتے ہیں، اس لیے رابطے اور معلومات کے تبادلے میں مزید بہتری لانا ضروری ہے۔
اجلاس میں یہ بھی زیر غور آیا کہ بعض مقدمات انتظامی کوتاہی کی وجہ سے طوالت اختیار کر لیتے ہیں۔ کمشنر نے افسران کو متنبہ کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور جہاں ضرورت ہو وہاں فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ عوامی مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جا سکے۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ میں عدالتی اور انتظامی معاملات کو پہلے سے زیادہ شفاف، تیز اور مؤثر بنایا جا رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور پراسیکیوشن محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی موجودہ پیش رفت انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنا سکتی ہے۔








