ایک انوکھے اور حیران کن واقعے میں، ایک امریکی شخص اپنے ہی پالتو کتے کی غلطی سے گولی لگنے کے بعد زخمی ہو گیا۔
یہ واقعہ پیر کی صبح پیش آیا جب ایک پالتو کتے نے بستر پر چھلانگ لگاتے ہوئے اچانک بندوق کا ٹریگر دبا دیا۔ پولیس کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص اپنی اہلیہ کے ساتھ بستر پر سو رہا تھا۔پولیس رپورٹ کے مطابق، 30 سالہ متاثرہ شخص کو بائیں ران پر معمولی زخم آیا جسے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کتا، جس کا نام "اوریو” ہے، بستر پر کھیلتے ہوئے اچانک بندوق کے ٹریگر گارڈ میں اپنا پنجہ پھنسا بیٹھا اور گولی چل گئی۔ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ کون سی بندوق تھی، تاہم اس واقعے کو ایک "اتفاقیہ چوٹ” قرار دیا گیا ہے۔
امریکہ میں گن وائلنس ایک سنگین مسئلہ ہے، مگر جانوروں کے ہاتھوں فائرنگ کے واقعات بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں۔ دو سال قبل، کنساس میں ایک جرمن شیفرڈ نے شکاری رائفل پر پیر رکھ کر اپنے مالک کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسی طرح 2018 میں آئیووا میں ایک شخص اپنی پٹ بل-لیبراڈور مکس نسل کے کتے کے ہاتھوں ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا۔
مقامی نیوز چینل کے مطابق، متاثرہ شخص کی اہلیہ نے کہا کہ وہ گہری نیند میں تھیں جب اچانک گولی چلنے کی آواز آئی۔ انہوں نے مزید کہا، "یہ کتا بہت شرارتی ہے اور اچھل کود پسند کرتا ہے، اسی دوران یہ واقعہ پیش آ گیا۔” اس واقعے کے بعد ان کا کہنا تھا، "یہ سبق ملا کہ بندوق کی سیفٹی آن رکھنی چاہیے یا پھر ٹریگر لاک کا استعمال کرنا چاہیے۔”