اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور مثبت رویوں کے فروغ کے لئے ’’گڈ سٹیزن کمپین‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔

اے پی پی کے مطابق چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد قانون کی پابندی کرنے والے ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اس مہم کے تحت بہترین اور ذمہ دار ڈرائیونگ کرنے والے شہریوں کو موقع پر ہی شاباش دی جائے گی جبکہ ان کی گاڑیوں پر خصوصی سٹیکرز بھی چسپاں کئے جائیں گے تاکہ دیگر شہری بھی قانون کی پابندی کی جانب راغب ہوں۔

ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ شہریوں کی رہنمائی اور خدمت پر یقین رکھتی ہے، اچھے رویے اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی سے سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر ہوگا اور حادثات میں کمی آئے گی،کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی ذمہ داری سمجھیں، لین ڈسپلن پر عمل کریں، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور مہذب ڈرائیونگ کے ذریعے ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں روزانہ تقریباً ساڑھے تین سے چار لاکھ گاڑیاں داخل ہوتی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کا عملہ ناکافی ہے، 2005 میں ٹریفک پولیس کی یہی تعداد تھی جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار گاڑیاں رجسٹرڈ تھیں، اس وقت ساڑھے 17 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں اور دیگر شہروں سے آنے والی گاڑیاں الگ ہیں، اسلام آباد ٹریفک پولیس کا لائسنس ویانا کنونشن کے تحت 35 ممالک میں ڈومیسٹک کے طور پر استعمال ہوتا ہے جس پر لرنر ٹائم کی معافی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس میں 2600 اہلکاروں کو بھرتی کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو تجاویز دی ہوئی ہیں جس پر آئندہ مالی سال میں عمل ہو جائے گامختلف شاہراہوں پر پہلے سے نصب کیمرے کو فعال کیا گیا ہے جبکہ مزید تین ہزار نئے جدید کیمرے لگائے جا رہے ہیں،ہم احتساب گھر سے شروع کر رہے ہیں، کسی بھی پولیس ملازم اور سرکاری آفیسر کو خلاف ورزی پر رعایت نہیں ملے گی آئندہ ہفتے ہم نیو ایئر نائٹ کیلئے ایڈوائزری جاری کر رہے ہیں، ون ویلنگ، تیزرفتاری اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ ہم صرف پہلے مرحلہ میں ٹریفک قوانین سے آگاہی مہم چلا رہے ہیں، اس کے بعد لین کی خلاف ورزی اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گےشہری لین کی پابندی کریں، درست ڈرائیونگ لائسنس ہمراہ رکھیں، سپیڈ لمٹ کی پاسداری کریں اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں، ایسے شہری جن کے نام پر ماضی میں چالان نہیں ہوں گے اور جو ذمہ دار ڈرائیونگ کا مظاہرہ کریں گے، انہیں سراہا جائے گا اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ایمبیسڈر بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت شہریوں کو ایک خوبصورت ڈیجیٹل کیو آر کوڈ سٹیکر دیا جائے گا جو گاڑی یا موٹر سائیکل پر لگایا جائے گا، اس سٹیکر کے ذریعے شہریوں کا ڈیٹا محفوظ ہوگا اور سیف سٹی کیمروں سمیت فیلڈ میں موجود ایجوکیشن ٹیمیں شہریوں کے ڈرائیونگ رویہ کا مشاہدہ کریں گی، بائیکرز کے لئے یہ سٹیکر ہیلمٹ پر لگایا جائے گا تاکہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ گڈ سٹیزن قرار پانے والے شہریوں کو ٹریفک پولیس کے فیسلیٹیشن سینٹرز میں خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں مخصوص کاؤنٹرز شامل ہوں گے تاکہ ان کے امور تیز رفتاری سے انجام دیئے جا سکیں،اس کے علاوہ معمولی خلاف ورزیوں پر پہلے مرحلے میں وارننگ دی جائے گی، یہ مہم کسی محدود مدت کے لئے نہیں بلکہ ایک مستقل پالیسی اور سٹیٹمنٹ ہے جس کے ذریعے نئے سال میں ٹریفک پولیس کی ترجیح ایجوکیشن، فیسلیٹیشن اور آؤٹ ریچ کے ساتھ مؤثر انفورسمنٹ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر شہری ٹریفک قوانین پر صرف پانچ فیصد بھی بہتر عملدرآمد کر لیں تو اس سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں،آخر میں انہوں نے میڈیا ہاؤسز اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور گڈ سٹیزن بن کر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ شراکت دار بنیں۔

Shares: