گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد سندھ میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ترک سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرنا ہے۔ گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق گورنر کامران خان ٹیسوری اس دورے کے دوران ترکی کے سرمایہ کاروں، آئی ٹی سیکٹر کے اداروں کے سربراہان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کا دورہ خاص طور پر سندھ میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی غرض سے کیا جا رہا ہے۔ گورنر ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں موجود مواقع اور سہولتوں کے بارے میں آگاہ کریں گے تاکہ وہ صوبے میں آئی ٹی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دے سکیں۔ گورنر اس بات پر زور دیں گے کہ سندھ میں آئی ٹی کی ترقی کے لئے نہ صرف حکومت مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے بلکہ اس کے لئے ہر ممکنہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ترکی کے آئی ٹی ماہرین کے ساتھ ملاقاتیں بھی گورنر کے ایجنڈے میں شامل ہیں، جہاں گورنر انیشیٹو کے تحت جاری جدید آئی ٹی کورسز کو مزید جدت دینے پر گفتگو ہوگی۔ یہ کورسز سندھ کے نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ڈیزائن کیے گئے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں عالمی مارکیٹ میں مسابقت کر سکیں۔گورنر سندھ اپنے دورے کے دوران ترکی کے متعلقہ حکام کے ساتھ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گے، خاص طور پر آئی ٹی کے طلباء کو جدید سہولیات کی فراہمی پر غور کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق، گورنر کامران خان ٹیسوری طلبا کو فری لیپ ٹاپ کی فراہمی اور آئی ٹی کے میدان میں طلبا کو مزید آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے ترکیہ کے آئی ٹی سیکٹر کے ماہرین سے مشاورت کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد سندھ کے نوجوانوں کو تعلیمی اور تکنیکی لحاظ سے مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ مستقبل میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔گورنر سندھ کا یہ دورہ سندھ کے آئی ٹی شعبے کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس سے سندھ میں آئی ٹی کی ترقی کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved