لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک خط لکھ کر متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش کر دی ہے تاکہ فوری امدادی اور بحالی اقدامات شروع کیے جا سکیں۔
گورنر پنجاب نے اپنے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ چند روز میں سیلاب نے پنجاب کے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، جس سے مقامی نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سیلابی ریلے نے سڑکیں بہا کر رابطے منقطع کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ شہروں کو ملانے والے اہم پُل ٹوٹ چکے ہیں، جس سے تجارت اور روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ سیلاب کے باعث غریب لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں، ان کا قیمتی سامان تباہ ہو چکا ہے، اور مویشی بھی ریلے میں بہہ گئے ہیں، جس سے مقامی معیشت کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔گورنر نے کہا کہ سیلاب زدگان کی فوری مدد کے لیے حکومت جلد از جلد مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرے تاکہ نقصان کا ازالہ کیا جا سکے اور متاثرہ افراد کو دوبارہ اپنی زندگی معمول پر لانے میں مدد دی جا سکے۔