لاہور: پنجاب حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان آٹے کی قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں آٹے کی فراہمی بحال ہونے جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن نے محدود مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، جس کے بعد پنجاب بھر کی 800 سے زائد فلور ملز آج سے دوبارہ کھل جائیں گی۔ ان ملز کے ذریعے 10 کلو اور 20 کلو کے تھیلے سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت فلور ملز کو ایک لاکھ ٹن گندم ماہانہ فراہم کرے گی تاکہ مارکیٹ میں آٹے کی قلت نہ ہو اور قیمتوں میں استحکام رہے۔
ادھر دو ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھی حکومت کو آٹے کی فراہمی میں تعاون کی پیشکش کردی ہے۔ ان کمپنیوں نے 25 لاکھ بوری گندم 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندے آج ڈی جی فوڈ سے ملاقات کریں گے جس میں گندم کی فراہمی کا طریقۂ کار اور مقدار طے کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدے بروقت مکمل ہوجاتے ہیں تو صوبے میں آٹے کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مصنوعی بحران ختم ہوجائے گا۔