حکومت کا توانائی کی بچت اورتحفظ کےمنصوبےکیلئے عالمی بینک سے قرض لینے کا منصوبہ

0
49

اسلام آباد:حکومت نے ملک میں توانائی کی بچت اور تحفظ کے منصوبے کیلئے عالمی بینک سے قرض لینے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔اطلاعات ہیں کہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے ، ادھرسرکاری دستاویزات کے مطابق ملک میں توانائی کی بچت اور تحفظ کے لئے 10 سالہ قومی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

قومی توانائی بچت منصوبہ 4 حصوں پر مشتمل ہوگا، جس میں توانائی کی بچت والی عمارتوں کی تعمیر سرفہرست ہے۔ عمارتوں میں توانائی کے استعمال میں 25 فیصد کمی سے سالانہ 291 ارب روپے کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔منصوبے کے تحت کمرشل، صنعتی اور رہائشی عمارتوں کو بتدریج گیس سے بجلی پر منتقل کیا جائے گا۔ منصوبے کا پی سی ون اپریل 2023 میں منظوری کیلئے پیش کیئے جانے کا امکان ہے۔ یہ منصوبے حتمی منظوری کے بعد منصوبہ جون 2033 تک مکمل ہوگا۔

دستاویزات کے مطابق مجوزہ 10 سالہ قومی منصوبے پر 15 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ جس کے لئے عالمی بينک سے ساڑھے تيرہ کروڑ ڈالر قرض اور ڈیڑھ کروڑ ڈالر گرانٹ کی درخواست کی جائے گی۔

ادھرنیپرا نے کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے صارفین ڈسکوز کو اضافی بجلی19 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کرتے رہیں گے۔ملک میں نیپرا نے نیٹ میٹرنگ کے فروغ کے لیے (متبادل اور قابل تجدید توانائی) ڈسٹری بیوٹڈ جنریشن اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشن 2015میں مجوزہ ترمیم پر فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

فیصلہ کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے صارفین ڈسکوز کو اضافی بجلی19 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کرتے رہیں گے۔
ترجمان نیپرا نے بتایا کہ نیپرا اتھارٹی نے ریگولیشنز میں ترمیم کے لیے اسٹیک ہولڈرز اور عوام سے رائے مانگی تھی، عوامی سماعت بھی کی تھی۔

Leave a reply