خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا کو جمع کرا دیا۔
باغی ٹی وی کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں لکھا کہ وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور بانی عمران خان کے احکامات کی تعمیل میں یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 130 کی شق (8) کے تحت وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔اپنے استعفے میں سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ جب انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالا تو صوبہ مالی مشکلات اور دہشت گردی کے سنگین خطرات سے دوچار تھا۔ ’’ہم نے عمران خان کی رہنمائی میں مالی استحکام حاصل کیا اور صوبے کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔‘‘
علی امین گنڈاپور نے اپنے کابینہ کے اراکین، اراکینِ اسمبلی، سرکاری افسران اور پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر معمولی حالات میں بھی ثابت قدمی سے صوبے کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ میں یہ دعویٰ تو نہیں کر سکتا کہ ہر چیلنج میں کامیاب ہوا، لیکن یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ خلوص اور دیانت داری سے کام کیا۔
استعفے کے آخر میں انہوں نے پاکستان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے حق میں نعرہ تحریر کیا کہ پاکستان زندہ باد، پاکستان تحریکِ انصاف پائندہ باد۔استعفے پر علی امین گنڈاپور کے دستخط کے ساتھ تاریخ 8 اکتوبر 2025 درج ہے۔
نئی دہلی میں افغان وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کو شرکت سے روک دیا گیا