بالی وڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں آج کل بھارتی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ سنیتا آہوجا کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ سنیتا نے چھ ماہ قبل ہی گووندا سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔ اس خبر نے ان کے مداحوں اور انڈسٹری کو چونکا دیا ہے، جہاں ان کی شادی کو ایک مضبوط اور کامیاب رشتہ سمجھا جاتا تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، گووندا ماضی میں یہ عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ دوسری شادی کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں، اداکار نے اس بات کا اظہار کیا کہ ممکن ہے وہ مستقبل میں دوبارہ شادی کر لیں کیونکہ یہ ان کی کُنڈلی میں شامل ہے۔گووندا نے اسٹارڈسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں یہ بھی بتایا تھا کہ وہ کس طرح اپنے ساتھی اداکارہ نیلم کے ساتھ محبت محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ انکشاف کیا کہ انہوں نے سنیتا سے شادی اپنے وعدے کو نبھانے کے لیے کی تھی، نہ کہ محبت کی بنیاد پر۔ گووندا کا کہنا تھا، "مستقبل کون جانتا ہے، شاید مجھے دوبارہ کسی سے محبت ہو جائے اور میں اس سے شادی کر لوں، لیکن سنیتا کو اس کے لیے تیار رہنا چاہیے، تب ہی میں خود کو آزاد محسوس کروں گا۔”

اس کے علاوہ، گووندا نے جوہی چاولہ اور دیویا بھارتی کے لیے بھی اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ یہ ایسی خواتین ہیں جن کے لیے کسی لڑکے کا ان کی محبت میں گرفتار ہونا مشکل ہو سکتا ہے۔یہ صورتحال گووندا اور سنیتا کے درمیان رشتہ کی نوعیت پر سوالات اٹھا رہی ہے، اور ان کے مداح اس نئے موڑ پر تشویش کا شکار ہیں۔

Shares: