بالی وڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان شادی کے 37 سال بعد طلاق کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، گووندا اپنی اہلیہ سے طلاق کی افواہوں کی وجہ سے ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔
منگل کی صبح سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ سامنے آیا کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان مبینہ طور پر طلاق کا معاملہ آخری مراحل میں ہے۔ اس حوالے سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ گووندا کے 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات ان کی شادی میں کشیدگی کا سبب بنے ہیں، تاہم اس بارے میں اب تک گووندا اور سنیتا کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
گووندا کے بھانجے، اداکار کرشنا ابھیشیک کا بھی اس معاملے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ جب کرشنا سے گووندا اور سنیتا کی طلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے افواہوں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ یہ سب بے بنیاد ہے اور ان کی طلاق کا کوئی سوال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ممکن نہیں ہے، طلاق نہیں ہوگی۔”
دوسری جانب، ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل کی رپورٹ کے مطابق گووندا کے منیجر نے کچھ مسائل کی تصدیق کی ہے جو جوڑے کے درمیان پیدا ہوئے ہیں۔ منیجر نے کہا کہ "کچھ خاندانی افراد کے بیانات کی وجہ سے جوڑے کے درمیان کچھ مسائل سامنے آئے ہیں، مگر اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ ہم اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور گووندا اس وقت اپنی ایک نئی فلم کی تیاری کر رہے ہیں۔”
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی کو 37 سال کا طویل عرصہ ہو چکا ہے، اور ان کے دو بچے ہیں—ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔ یہ جوڑا 1987 میں اس وقت شادی کے بندھن میں بندھ گیا تھا جب گووندا بالی وڈ میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔فی الحال، گووندا اور سنیتا کی طلاق کی افواہیں ایک طرف ہیں، اور ان کے مداح ان کے درمیان محبت اور ہم آہنگی کی امید رکھتے ہیں۔