گوجرہ(نامہ نگار چوہدری عبد الرحمن جٹ) اے ڈی سی ٹوبہ ٹیک سنگھ ذیشان لھبا نے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ اور دیگر وارڈز میں داخل مریضوں سے ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
اے ڈی سی نے کہا کہ ایمرجنسی اور وارڈز میں داخل مریضوں کو ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اگر کوئی دوا دستیاب نہیں ہے تو وہ بھی جلد فراہم کر دی جائے گی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رانا وسیم حیات نے بتایا کہ ہسپتال سے بلیک میلر مافیا اور ہسپتال کی زمین پر قابض مافیا کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ادویات مہنگی فراہم کرنے والے مافیا کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر رانا وسیم حیات نے کہا کہ انہوں نے عطیات اور سرکاری امداد سے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اب ہسپتال میں ہر قسم کی ادویات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے مریضوں سے کہا کہ اگر انہیں کوئی شکایت ہو تو وہ ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔