یوٹیلٹی اسٹور ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،حکومت بندش کا فیصلہ واپس لے،خالد مسعود سندھو
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا حکومت کا فیصلہ شرمناک ہے،1700 اسٹورز سے 5 ہزار سے زائد ملازمین کی بے روزگاری کا ذمہ دار کون ہو گا؟ مرکزی مسلم لیگ یوٹیلٹی اسٹور ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،حکومت بندش کا فیصلہ واپس لے،
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ ایک طرف پٹرول،گیس مہنگی ،دوسری جانب بے روزگاری کا طوفان لایا جا رہا،حکمران عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، مرکزی مسلم لیگ کئی شہروں میں سستا سہولت بازار چلا کر عوام کو ریلیف دے رہی ہے،مرکزی مسلم لیگ کے سستے سہولت بازاروں میں اشیاء خورونوش کی قیمتیں عام بازاروں کی نسبت کم رکھی جاتی ہیں، اگر مرکزی مسلم لیگ عوام کے لئے سستے سہولت بازار چلا سکتی ہے تو حکمران عوام کو ریلیف دینے والے یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کر کے ہزاروں گھرانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیوںکر رہے ہیں،پاکستان میں بے روزگاری پہلے عروج پر ہے، نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے پھر رہے ہیں لیکن نوکریاں نہیں ملتیں ایسے میں مزید ملازمین کی بے روزگاری سے ملک میں ایک نیا بحران کھڑا ہو گا،حکمران اپنی عیاشیوں کو کم کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دیں.