حکومت کا خاتمہ قریب،کوئی چاہے یا نہ چاہے دس دن بعد "مارچ” آنیوالا ہے، سراج الحق
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ حکومت کی گرفت ختم ہوچکی ہے، اب حکومت پر کوئی آنسو بہانے والا بھی نہیں ۔ کوئی چاہے یا نہ چاہے، دس دن بعد مارچ آنے والا ہے ۔حکومت کا خاتمہ بالخیر قریب ہے ۔ اپوزیشن تقسیم ہے اور بڑی اپوزیشن پارٹیوں کے اپنے مسائل ہیں ، انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے بنگلہ دیش میں ددوران اسیری جیل میں وفات پانے والے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے نائب امیرو سابق رکن پارلیمنٹ بنگلہ دیش مولانا عبدالسبحان کی یاد میں منصورہ میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کے قریب ملک و قوم کا مسئلہ ثانوی حیثیت رکھتاہے ۔ حقیقی اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے ۔ ملک کا پہلا مسئلہ مہنگائی اور دوسرا بے روزگاری ہے ۔ ہم شہزادوں اور شہزادیوں کی نہیں ، عوام کی بات کرتے ہیں ۔ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے اب پریشان ہیں اور اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں ۔۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہاکہ بنگلہ دیش اس وقت بہت بڑی آزمائش سے گز ر رہاہے ان شہادتوں کے نتیجہ میں بنگلہ دیش کے اسلام پسند عوام کے اور ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں وہ دن دور نہیں جب بنگلہ دیش میں ہندوستان کی بالادستی ختم ہوگی اور یہ دھرتی اسلام کا قلعہ بنے گی ۔








