ڈیرہ غازیخان:ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد انور بریار کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے پہلے روز پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صابرحسین،اسسٹنٹ کمشنرز شکیب سرور،فرخ جاوید،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اطہر سکھانی، یونیسیف،ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، ڈی ایچ او،ڈی ڈی ایچ اوز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر اطہر سکھانی نے بتایا کہ مہم کے پہلے روز255614بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں اور یوں پولیو کے پہلے دن کی کوریج102فیصد رہی ہے، انکار کرنے والے تین والدین میں سے دو کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا دئیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے کہا کہ محنت اور لگن کے ساتھ مہم جاری رکھی جائے،ایسے بچے جو گھروں میں موجود نہیں ہیں انہیں تلاش کرکے پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائے جائیں،انکار کرنیوالے والدین کو قائل کیا جائے،افسران فیلڈ کے وزٹس جاری رکھیں۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسرڈیرہ غازیخان عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ 73 ویں پنجاب گیمز میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے 430 کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دستہ پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلہ میں شرکت کررہا ہے اورا بتک ہینڈ بال،کبڈی،فٹ بال،سکوائش،رورل سپورٹس اور والی بال کے ابتدائی میچز جیت لئے ہیں اب ان کے دوسرے مرحلے کے مقابلے جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز محمد امتیاز بھٹی،محمد کلیم،محمد حفیظ،تحصیل سپورٹس آفیسرز محمد مسعود،محمد عامر،یاسر سعید،جاوید لودھی،وسیم گجر اور محمد علی لنڈ کھلاڑیوں کی رہنمائی کے ساتھ مقابلوں کی نگرانی کررہے ہیں۔ڈویژنل سپورٹس آفیسرنے بتایا کہ کھلاڑیوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے سپورٹس کٹ،ہوٹلوں میں قیام، ٹرانسپورٹ، ڈیلی الاونسز اور دیگر معیاری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب گیمز کے انعقاد سے دو دن قبل شامل ہونے والے کھیلوں کی بھی یونیفارم کی بروقت فراہمی کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔
محکمہ اوقاف ڈیرہ غازی خان کے زیراہتمام رحمت اللعالمین کانفرنس جمعرات27اکتوبر2022 کو منعقد ہوگی،زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈیرہ غازی خان رانا طارق علی کے مراسلہ کے مطابق کانفرنس ضلع کونسل ہال میں صبح دس بجے شروع ہوگی جس میں ڈیرہ غازی خان شہر سمیت دیگر اضلاع کے علمائے کرام حضور پاک صلی علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اور سیرت اقدس پر روشنی ڈالیں گے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ عوام کو سروسزکی فراہمی میں تاخیری حربے استعمال کرنے والوں کو جواب دہ ہونا پڑے گا،تمام افسران اپنے محکموں سے متعلق ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیں،بلا وجہ کسی کام کو التواء میں نہ رکھیں،کمشنرنے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا سرکاری افسران کے فرائض میں شامل ہے،ان کی اچھی کارکردگی کی بدولت سرکاری محکموں پر عوامی اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے،جدید دور میں ہمیں ڈیجیٹلائزیشن کی وجہ سے برق رفتاری کے ساتھ کام کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ میں خود تمام محکموں کے عوامی ریلیف سے متعلق زیر التوا ایشوز کا جائزہ لوں گا اور اس سلسلہ میں سٹاف سے فیڈ بیک لوں گا،کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ون ونڈو اصول کے تحت مقررہ مدت میں ہی شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں،ان کو بار بار دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں،ہماری تھوڑی سی توجہ اور محنت سے شہریوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔