ترجمان حکومت پاکستان برائے اطلاعات سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزمان انصاری کا کہنا ہے گرین لائن کا کام اچھا چل رہا تھا لیکن پتہ چلا میئر کراچی نے سٹی وارڈنز کو بھجوا کر کام بند کروا دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے ترجمان حکومت پاکستان برائے اطلاعات سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ اگر کام کرنے دیا جائے تو جون 2026 تک گرین لائن کا کام مکمل کرلیں گے، یہ بے بنیاد بات ہے کہ گرین لائن کے دوسرے مرحلے کا کام 2035 تک مکمل نہیں ہو گا، کسی پوائنٹ اسکورنگ کی بات نہیں میئر کراچی سے درخواست کرتا ہوں کہ مل کر کراچی کی خدمت کریں، گرین لائن کے دوسرے مرحلے کا پچھلے دنوں جائزہ لیا، کام اچھا چل رہا تھا، پتہ چلا میئر نے گرین لائن پر کام رکوا دیا ہے، طریقہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اگر اعتراض ہوتا ہے تو نوٹس بھیجا جاتا ہے، میئر کراچی نے زبردستی سٹی وارڈنز بھیج کر کام بند کروا دیا، وفاقی حکومت کو یومیہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، گرین لائن کا دوسرا فیز کامن کوریڈور ہے، مستقبل میں ساری بی آر ٹی بسیں اس پر چلیں گی۔
راجا خلیق الزمان انصاری کا کہنا تھا وفاق نے ساڑھے 5 ارب روپے کی رقم مختص کی ہوئی ہے، وفاق چاہتا ہے کراچی کو اچھی ٹرانسپورٹ کی سہولیات ملیں، اس حوالے سے پی آئی ڈی سی ایل حکام سے بات کی ہے، گرین لائن وفاقی حکومت کا فنڈڈ منصوبہ ہے جس کا سنگ بنیاد 2016 میں میاں نواز شریف نے رکھا تھا، 10 مارچ 2025کو گرین لائن کو سندھ حکومت کے حوالے کیا، پہلے باون ہزار مسافر سفر کرتے تھے، اب 82 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں، چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت، میئر آفس اور وفاقی حکومت مل کر کام کریں۔