سیالکوٹ: برطانوی ہائی کمیشن کی ٹیم کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، برآمدات کے لئے نیا پروگرام متعارف

سیالکوٹ ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض)گروپ ہیڈ آف ٹریڈ اینڈ اکانومی اور برطانوی ہائی کمیشن کے پولیٹیکل قونصلر مسٹر مہیش مشرا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ چیمبر آف کامرس کے صدر اکرام الحق، نائب صدر عمر خالد اور ایگزیکٹو باڈی ممبران نے مہمانوں کا پھولوں کے گلدستے پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔

مسٹر مہیش مشرا نے خطاب میں بتایا کہ برطانیہ نے پاکستانی برآمدی کاروباروں کی مدد کے لیے ایک نیا ترقیاتی پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد برآمدی صلاحیت میں اضافہ، جدت کو فروغ دینا اور بین الاقوامی منڈیوں خصوصاً برطانیہ تک زیادہ رسائی ممکن بنانا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک میں ممکنہ تعاون، اسٹریٹجک اہداف اور سیالکوٹ کی برآمداتی صنعت کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

قبل ازیں صدر چیمبر آف کامرس اکرام الحق نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سیالکوٹ کی صنعت سے جڑے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر فہد سلہری، نائب صدر عمر خالد، صبیحہ احمد، ڈاکٹر مریم صدیقہ، اعجاز غوری، فیضان اکبر اور دیگر ایگزیکٹو باڈی ممبران بھی موجود تھے۔

Comments are closed.