گوجرخان (باغی ٹی وی، نامہ نگار شیخ ساجد قیوم )دیرینہ دشمنی پر باپ اور دو بیٹے قتل، پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا

تفصیل کے مطابق تھانہ جاتلی کے علاقے درکالی سیداں میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر تین افراد کو گھر میں سوتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ مقتولین میں مشتاق شاہ اور اس کے دو بیٹے عمران شاہ اور رضوان شاہ شامل ہیں۔ قاتلوں نے رات گئے گھر میں داخل ہو کر پے در پے گولیاں ماریں، جس سے تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کی اطلاع ملتے ہی جاتلی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرخان منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ واقعے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتولین کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں۔

Shares: