گوجر خان: موٹر سائیکل حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 1 زخمی

گوجر خان (باغی ٹی وی، شیخ ساجد قیوم) اتوار کی شب گوجر خان جی ٹی روڈ پر تحصیل آفس کے سامنے دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے آپس میں تصادم کے نتیجے میں جھنڈا گوجر خان کے رہائشی 43 سالہ سبزی فروش غلام دستگیر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 15 سالہ مرزا حماد علی، جو نگائیل گوجر خان کے رہائشی تھے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس المناک حادثے میں ایک اور نوجوان معین شدید زخمی ہوا۔

حادثہ جی ٹی روڈ پر این ایچ اے کے ایک غیر محفوظ یوٹرن کے باعث پیش آیا، جہاں کوئی حفاظتی اقدامات نہ ہونے سے خطرناک صورتِ حال پیدا ہوئی۔ واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجر خان منتقل کیا گیا۔ شہری حلقوں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یوٹرن پر حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایسے مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.