گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں "کھیلتا پنجاب” سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر
گوجرانوالہ (باغی ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن "کھیلتا پنجاب” کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں منعقدہ سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ایم پی اے محمد نواز چوہان اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے سپورٹس کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت پنجاب پرئمیر لیگ کا انعقاد بھی گوجرانوالہ میں کیا گیا ہے، جس میں صوبے بھر سے 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
کمشنر نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر تعریف کی اور آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کی ہدایت کی۔ ایم پی اے محمد نواز چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب ہر شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اور "کھیلتا پنجاب” پروگرام اسی سلسلے کا حصہ ہے۔
تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر ارشاد اللہ گورائیہ، ڈاکٹر سید نوید احمد، ڈاکٹر عرفان قیوم سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔