گوجرہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چک 215 گ ب کے رہائشی 15 سالہ احسن علی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق احسن علی موٹر سائیکل پر چک نمبر 242 گ ب نور پور بستی جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث پیچھے سے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔
حادثے کے نتیجے میں احسن علی شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر صدر پولیس گوجرہ نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
نوجوان کی موت کی خبر گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ صدر پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔








