گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) گوجرہ مونگی بنگلہ روڈ پر جمعرات کی صبح دھند کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ ایک کم عمر بچی شدید زخمی ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چک 158 گ ب اضافی آبادی اوڈوں والی کے رہائشی عامر ولد عبد الغفار اپنی موٹر سائیکل پر چھوٹی بچی کے ہمراہ گاؤں جا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث عامر کو آگے چلتی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی نظر نہ آئی اور ان کی موٹر سائیکل ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ عامر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ان کے ساتھ موجود بچی شدید زخمی ہوئی جسے فوری طور پر ریسکیو 1122 کے عملے نے طبی امداد فراہم کرتے ہوئے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا۔

حادثے کے فوراً بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

Shares: