گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ جان لیوا ثابت ہوئی، 17 سالہ نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ چک نمبر 350 ج ب لاہوریاں میں محمد صدیق کے بیٹے ابو بکر کی مہندی کی تقریب جاری تھی، جہاں محمد عقیل، محمد اشتیاق، علی سرویا، محمد افضال سرویا اور اویس وغیرہ ہوائی فائرنگ کر رہے تھے۔
اسی دوران تقریب دیکھنے آئے 17 سالہ مجاہد ارسلان کو اچانک گولی لگ گئی۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا اور بھائی محمد عثمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔








