گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) بار ایسوسی ایشن گوجرہ ہال میں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت پیش کیا۔

خصوصی خطاب علامہ سید سہیل شاہ گیلانی نے کیا، جبکہ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعجاز اختر، جنرل سیکرٹری میاں اسد بشیر، سابق صدر شیخ محمد جاوید ایڈووکیٹ اور توقیر اشرف خان ایڈووکیٹ نے بھی اپنی گفتگو میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر روشنی ڈالی۔

مہمان خصوصی ممبر پنجاب بار میاں مہران ایڈووکیٹ اور امتیاز لونا چدھڑ ایڈووکیٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایک قرارداد پاس کی گئی جس میں ختم نبوت چوک سے کچہری چوک تک کا نام "ختم نبوت روڈ” منظور کروانے کی درخواست کی گئی۔ اس کے ساتھ عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے فلیکس آویزاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ طلباء اور عوام اسے دیکھ کر پڑھ سکیں۔

میاں مہران ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب بار ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کو درخواست لکھی ہے کہ پہلی جماعت سے لے کر دسویں جماعت تک کے نصاب میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک چیپٹر لازمی شامل کیا جائے، تاکہ طلباء نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو پڑھ سکیں۔

پروگرام کے آخر میں قرعہ اندازی کی گئی، جس میں بار ایسوسی ایشن گوجرہ کے ممبر نوید اسلم کو عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا۔ یہ محفل میلاد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر و درود میں مسرت و خوشی کا باعث بنی۔

Shares: