گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) گوجرہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو مضر صحت مرغیوں سے بچانے کے لیے بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایات پر مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں پولیس اور لائیو سٹاک آفیشلز کے ہمراہ رات گئے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیاں لے جانے والے ملزمان کو بائی پاس کے قریب رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملزمان لوڈر رکشہ میں مردہ مرغیوں کو نیلے ڈرموں میں چھپا کر لے جا رہے تھے، جن کا وزن 325 کلو سے زائد تھا۔ یہ گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔
برآمد شدہ مردہ مرغیوں کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ صدر گوجرہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران لوڈر رکشہ اور دیگر سامان کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور فوراً فوڈ اتھارٹی کو مطلع کریں تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔