گوجرہ:جانوروں میں مہلک وباء، کسان پریشان

گوجرہ:(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ کی رپورٹ)گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 241 گ ب میں جانوروں میں ایک مہلک وبا پھوٹ پڑی ہے۔ متاثرہ جانوروں کو تیز بخار ہوتا ہے اور پھر ان کا معدہ خراب ہو جاتا ہے۔ صرف چند دنوں میں ہی جانور دم توڑ دیتے ہیں۔

مقامی کسان محمد خالد ولد محمد انور نے بتایا کہ ان کی دو بھینسیں اس وبا کا شکار ہو کر مر چکی ہیں۔ متاثرہ جانوروں کا بخار 105 ڈگری فارن ہائی تک پہنچ جاتا ہے اور وہ چارا کھانا بند کر دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان کے گھر میں ایک کتا بھی اس بیماری میں مبتلا ہے۔

مقامی ویٹرنری سینٹر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص اویس نے کئی دنوں تک جانوروں کا علاج کیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بیماری کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے پاس اس کا کوئی علاج موجود ہے۔

عوام کا مطالبہ: علاقہ کے لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک ڈاکٹر کی ٹیم تشکیل دے کر اس مہلک وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جلد ہی اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ وبا پورے علاقے میں پھیل سکتی ہے۔

حکام کا نوٹس: ملت نیوز کی رپورٹ پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائرکٹر ویٹنری تحصیل گوجرہ محمد ارشد نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر اکبر کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ ایک ٹیم کو گاؤں چک نمبر 241 گ ب بھیجا گیا ہے اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے نمونے جمع کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply