گوجرہ: قرآن وسنت کانفرنس میں علمائے کرام کا خطاب، قرآن کو سمجھ کر عمل کرنے پر زور

گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ قرآن کریم اللہ کا کلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔ یہ کتاب ہدایت اور دستور حیات ہے، اور صدیوں بعد بھی قرآن کے کسی لفظ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ قرآن مجید قیامت تک محفوظ رہے گا، کیونکہ یہ صرف ایک مذہبی کتاب نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے قانون زندگی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 299 ج ب میں بیرون جامع مسجد خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اہلحدیث میں چھٹی سالانہ قرآن وسنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت مولانا نیاز الہی گورسی نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی میں حافظ محمد اسلم جٹ، میاں محمد افضل ناظم اعلیٰ، محمد ریاض چوہدری، مولانا شریف گجر، حافظ محمد عمران شاکر اور مولانا عدنان افضل گجر شامل تھے۔

کانفرنس سے دیگر علمائے کرام، جن میں حافظ عبدالباسط شیخوپوری، قاری محمد یعقوب فیصل آباد، مولانا محمد امین شاہد اور مولانا عبدالقادر عثمان شامل تھے، نے بھی خطاب کیا۔ علمائے کرام نے کہا کہ قرآن مجید کو سمجھ کر ترجمہ کے ساتھ پڑھنا، اس پر عمل کرنا، اس کا ادب واحترام کرنا اور درست تلاوت کرنا قرآن کا اہم تقاضا ہے۔

علمائے کرام نے مزید زور دیا کہ قرآن مجید کو زندگی کا عملی دستور بنایا جائے تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہو سکے۔

Comments are closed.