گوجرہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ نواں لاہور کے نواح میں ڈکیتی کی واردات، خواتین سمیت کئی افراد سے موبائل چھین لیے گئے
تفصیل کے مطابق تھانہ نواں لاہور کے نواحی گاؤں چک نمبر 336 ج ب کے قریب دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ واقعے کے مطابق محکمہ صحت RHC نواں لاہور کی ملازم سحرش زوجہ عمران، لبنی اکرم زوجہ اکرم، نسیمہ زوجہ اسلام اور سعدیہ زوجہ عرفان جو چراغ آباد سے پیدل چک 336 کی طرف جا رہی تھیں راستے میں تین مسلح افراد نے موٹر سائیکل 125 نمبر 1669 پر سوار ہو کر ان کا راستہ روک لیا۔
مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر چاروں خواتین سے موبائل فونز اور تقریباً 1 لاکھ روپے مالیت کا سامان چھین لیا۔ واردات کے دوران وہاں سے گزرنے والے راہگیر محمد اکرم ولد محمد یوسف، جو اپنی اہلیہ عدیلہ دختر اکرم کے ساتھ جا رہے تھے کو بھی ملزمان نے لوٹ لیا اور ان سے موبائل فون چھین لیا۔
ڈاکوؤں نے اس کے بعد ناصر دراز ولد عمر درازسکنہ 337 ج ب اور زاہد ولد غلام نبی سکنہ 436 ج ب سے بھی ان کے موبائل فون چھین لیے اور موقع سے فرار ہو گئے۔
مقامی پولیس نے واردات کے بعد فوری طور پر کارروائی شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے اور شہریوں نے پولیس سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔