گوجرہ: صحت مند معاشرہ خوشحال پنجاب کے تحت تین روزہ ہیلتھ کیمپ کا آغاز

گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "صحت مند معاشرہ، خوشحال پنجاب” کے تحت معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر گوجرہ میں تین روزہ سکریننگ ہیلتھ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ کامران اشرف نے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر وسیم، ڈاکٹر شہزاد بخاری، نرسز، اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود تھے۔

ایم ایس ڈاکٹر وسیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کے معائنے کے لیے کیمپ کا حصہ بنیں۔ کیمپ میں 9 بنیادی صحت خدمات، بشمول کلینیکل معائنہ، ہیمٹولوجیکل سکریننگ، پھیپھڑوں کی صحت، حاملہ خواتین کی ویکسی نیشن، اور بچوں کی صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ کیمپ 22 نومبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد عوام کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا اور بنیادی بیماریوں کی بروقت تشخیص کو یقینی بنانا ہے۔

Comments are closed.