گوجرہ: پولیس کی بروقت کارروائی سے فرقہ وارانہ کشیدگی کا خطرہ ٹل گیا
گوجرہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چوکی مونگی بنگلہ کے انچارج محسن صدیق کی بروقت اور دبنگ کارروائی نے ایک بڑے حادثے سے علاقہ کو بچا لیا۔ ڈی ایس پی اختر علی وینس اور ایس ایچ او صدر حاکم علی بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 180 گ ب کے رہائشیوں نے امام مسجد قاری غلام مصطفیٰ کو اطلاع دی کہ شازیہ زوجہ یونس قوم مسیح، سکنہ چک نمبر 180 گ ب، نے اپنے گھر کے باہر کچھ اوراق جلائے ہیں جن میں مبینہ طور پر قرآنی آیات بھی شامل تھیں۔ امام مسجد قاری غلام مصطفیٰ نے فوری طور پر چوکی مونگی بنگلہ کے انچارج کو اطلاع دی۔
محسن صدیق موقع پر پہنچے اور شازیہ کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کیا۔ موقع پر موجود قاری غلام مصطفیٰ اور میاں زاہد نمبردار نے پولیس کی کارروائی کو سراہا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے علاقے کو ممکنہ بڑے انتشار سے بچا لیا ہے۔
مقامی پولیس نے معاملے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے شروع کر دی ہے۔ عوام نے پولیس کے کردار کو لائق تحسین قرار دیا ہے اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔