گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے، جو بیرون ملک ملازمت کے جھانسے دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد محمود، محمد یوسف، محمد جاوید، حمزہ طارق، عاقف اور نعمان عنصر کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں منڈی بہاءالدین، گجرات، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم شاہد محمود نے متعدد شہریوں کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے، جن میں ایک شہری سے 18 لاکھ روپے وصول کرنے کا کیس سامنے آیا۔ ملزم محمد یوسف نے بحرین بھجوانے کے لیے ایک شہری سے 8 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی، جب کہ محمد جاوید نے اٹلی کے ویزے کے بدلے 22 لاکھ 50 ہزار روپے لیے، مگر شہری کو اٹلی کے بجائے دبئی بھیج دیا اور بعد ازاں دبئی سے اٹلی منتقل کروانے میں ناکام رہا۔
اسی طرح گرفتار ملزم حمزہ طارق نے برطانیہ کے سٹڈی ویزہ کے نام پر ایک شہری سے 18 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی جبکہ عاقف نے تین شہریوں کو سعودی عرب بھجوانے کے جھانسے میں 11 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم نعمان عنصر نے ایک شہری سے عراق میں ملازمت کے نام پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق تمام ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے تاہم ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے اور متاثرہ شہریوں سے مزید بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔