گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)اسلامیہ گریجوایٹ کالج گوجرانوالہ کا گراؤنڈ، جہاں کبھی طلبہ کی صحت و سرگرمیوں کا مرکز ہوا کرتا تھا، اب بدامنی اور ہوائی فائرنگ کا گڑھ بنتا جا رہا ہے۔ حالیہ واقعے میں ایک فٹبال میچ کے دوران آزادانہ طور پر آتشی اسلحہ استعمال کیا گیا، جس سے نہ صرف شور و غل میں اضافہ ہوا بلکہ ہوائی فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس تھانہ باغبان پورہ نے واقعے کا مقدمہ نمبر 1365/25 درج کر لیا ہے۔
مقامی افراد اور عینی شاہدین کے مطابق گراؤنڈ کو فٹبال میچز کے نام پر کرائے پر دیا جا رہا ہے، جس میں بیرونی افراد سے بھاری رقوم وصول کی جاتی ہیں۔ ان میچز کے دوران ہنگامہ آرائی، غیر اخلاقی حرکات اور قانون شکنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ مقامی آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ کالج پرنسپل اکرم ورک کی مبینہ سرپرستی میں یہ تمام معاملات انجام پا رہے ہیں، جس سے تعلیم و تربیت کا یہ ادارہ ایک تجارتی سرگرمی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
اہل علاقہ نے شکوہ کیا ہے کہ گراؤنڈ کا اصل حق دار، یعنی بزرگ شہری، مریض، خواتین اور بچے جو صحت مند سرگرمیوں اور چہل قدمی کے خواہاں ہیں، انہیں اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے، حالانکہ حکومت کی ہدایات کے مطابق عوامی سہولیات تک رسائی ان کا قانونی حق ہے۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں بدامنی، اسلحے کے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بزرگوں و شہریوں کے لیے گراؤنڈ کا سیر و تفریح کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ یہ مقام دوبارہ امن و سکون کا مظہر بن سکے۔









