گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)تھانہ فیروز والا کی حدود میں انسانیت سوز واقعہ، 9 سالہ شایان اغوا کے بعد بے دردی سے قتل۔ اغوا کاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان کے لیے معصوم بچے کو اغوا کیا اور قتل کے بعد لاش ویران حویلی میں دفنا دی۔
پولیس کے مطابق 9 سالہ شایان کو چار روز قبل اُس کے گھر کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے بچے کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے تاوان کے طور پر ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا، اور بطور ثبوت شایان کا جوتا اور ایک USB ڈیوائس ورثا کو بھیجی گئی۔ اس مطالبے کے بعد بچے کی جان لینے والے سفاک ملزمان نے لاش کو ایک ویران حویلی میں دفن کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، شایان کی لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاہم چار روز گزرنے کے باوجود پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اہلِ علاقہ اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو شاید معصوم شایان کی جان بچائی جا سکتی۔