گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے چارج سنبھالنے کے دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سے ملحقہ روڈز، گلی محلوں، لیاقت پارک اور گلشن اقبال پارک میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارکس میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے، واکنگ ٹریک اور بینچوں کی فوری مرمت اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال کی ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گلشن اقبال پارک میں جھیل کے اردگرد بینچوں اور داخلی گیٹس کی مرمت اور فواروں کو ڈینگی کے خطرے کے پیش نظر بند رکھنے کی ہدایات دیں تاکہ ڈینگی کا لاروا افزائش نہ کر سکے۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گورننس انیشی ایٹیوز (KPIs) پر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ ہر محکمہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی بہتر کارکردگی کے لیے صفائی ستھرا پنجاب اور عوامی خدمت کے لیے متعین اہداف پر عمل درآمد ضروری ہے۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول میکنزم اور پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے فیلڈ میں متحرک رہیں اور عملی اقدامات اٹھائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں سے کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن پر عمل درآمد ممکن ہو۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ مخصوص مقامات پر ڈالیں تاکہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی برقرار رہ سکے اور بیماریاں نہ پھیلیں۔