گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)جامعہ ادریسیہ بوائز و گرلز ہائی سکول میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر انجمن ادریسیہ ویلفیئر الحاج محمد جمیل بھٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
الحاج محمد جمیل بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومیں کبھی اپنی شناخت نہیں کھوتیں جو اپنی دھرتی اور ثقافت سے جڑی ہوتی ہیں۔ ثقافت کا دن منانے کا مقصد اپنے اسلاف کی عظیم میراث کو زندہ رکھنا اور نئی نسل کو اس سے روشناس کرانا ہے۔
تقریب میں پنجاب کی مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے رنگا رنگ سٹالز لگائے گئے، جنہوں نے مقامی روایات، لباس، کھانوں اور ہنر کو اجاگر کیا۔ صدر انجمن نے ان سٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ کی محنت کو سراہا۔ کلچر ڈے کی مناسبت سے ایک خوبصورت کیک بھی کاٹا گیا، جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔
اس موقع پر محمد فیاض چوہان سمیت دیگر معززین اور والدین بھی شریک تھے، جنہوں نے اس طرح کی تقریبات کو نسلِ نو کی تربیت میں معاون قرار دیا۔ شرکاء نے ثقافت کے فروغ کے لیے ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور ان تقریبات کو تسلسل سے منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔